4 عورت ماں کے روپ میں باعثِ جنت، بیٹی کے روپ میں باعثِ رحمت، بہن کے روپ میں باعثِ عزت اور بیوی کے روپ میں باعثِ سکون ہے۔ ایک ایسی کتا ب ہے جس کا ہر صفحہ نئے رنگ کا ہوتا ہے۔ انسان اگر سمندر کی گہرائی جاننا چاہے تو جان سکتا ہے مگر عورت کے دل کی گہرائی نہیں جان سکتا۔ یہ برحق کہ صبرو تحمل اور جفا کشی کاعطیہ عورت کے لئے قدرت کی طرف سے ہے لیکن اس سب کے باوجودعورت ہونا بڑ ے دل جگرے کا کام ہے۔ کبھی تو اس صبرورضا کے پیکر کوایک مرلہ کی جگہ میں زندگی بسرکر نے پر مجبور کےا جاتا ہے تو کبھی اس سے یہ بھی چھین لیا جاتاہے۔ کبھی اسے لفظوں کے نشتر جھیلنے پڑتے ہیں تو کبھی بد نظروں کے تیر سہنا پڑتے ہیں۔کبھی اسے پاک دامنی میں شک کی نظر سے دیکھا جاتا ہے تو کبھی ناکردہ گناہوں کی سزا کی بھٹی میں جھونک دیا جاتا ہے۔ کبھی اسے محدود رقم میں غیر محدود خرچ چلاتے ہوئے خاوند کی بے اعتباری کا نشانہ بننا پڑتا ہے تو کبھی اولاد سے خواہشات کی تکمیل نہ ہونے پر قصور وار ٹھہرایا جانے لگتا ہے۔ کبھی اِسے جون جولائی کی گرمی میں سفر کرتے ہوئے بے حیا کہلوانا پڑتا ہے۔ تو کبھی سودا سلف لینے بازار جانے پر بد معاش کہلوانا پڑتا ہے۔ ...